اسلام آباد: آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے میں پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے چودھری یاسین کا نام فائنل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے چودھری یاسین کی منظوری دی اور بلاول بھٹو کے ساتھ اجلاس میں ان کا نام بھی اعلان کیا گیا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت اجلاس میں موجود تھی اور وزارت عظمیٰ کے لیے چار ناموں پر غور کیا جا رہا تھا، جن میں چودھری یاسین کے علاوہ لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان کے نام شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چودھری یاسین کا نام فائنل کر دیا ہے اور باقاعدہ اعلان آج رات تک کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس سے سیاسی صورتحال میں مزید کشیدگی متوقع ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے انتخاب سے متعلق فیصلہ پیپلز پارٹی کے اندرونی ہم آہنگی اور مستقبل کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ حکومت کی مستحکم قیادت برقرار رکھی جا سکے۔






