اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کے تازہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوج کی کارروائیوں میں مزید فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور حال ہی میں طے پانے والے امن معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی افواج کے جارحانہ اقدامات خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ فلسطین کو 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور مستحکم ریاست کے طور پر قائم کیا جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔
اس موقع پر پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ قابض افواج کی جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ فلسطینی عوام کی جان و مال کی حفاظت ممکن ہو سکے۔






