راولپنڈی میں تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔
میچ میں سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنائے اور مقررہ 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکے، پوری ٹیم 46 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ سدیرا سمارا وکرما 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان کوشال مینڈس نے 34 اور پاون رتھنا یاکے نے 31 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی کپتان شاہین آفریدی نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ وکٹ کی کنڈیشنز کے پیش نظر کیا اور کہا کہ تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔
سیریز کے آغاز میں پاکستان نے پہلا ون ڈے 6 رنز سے اور دوسرا ون ڈے 8 وکٹوں سے جیت کر مہمان ٹیم کو کلین سویپ کا سامنا کرایا۔






