پولیس نے مسافر بس سے اغوا ہونے والے 19 میں سے 10 افراد کو بازیاب کروا لیا ہے، جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو کے مطابق مغویوں کو سومیانی میں مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ بازیاب کرائے گئے چند مسافر زخمی ہیں اور ان کا موقع پر علاج کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور متعدد افراد کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔ بس میں خواتین سمیت 27 افراد سوار تھے، جن میں سے ڈاکوؤں نے خواتین کو چھوڑ کر 19 مردوں کو اغوا کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد درجنوں میں تھی اور سب کے پاس جدید اسلحہ تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔
ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ مسافر لاپتہ ہیں جو خوف کے سبب گنے کی فصل میں چھپ گئے، تاہم ان کی اغوا کی تصدیق فوری طور پر نہیں کی جا سکی۔






