اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹس رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ رقم زرمبادلہ کے ذخائر سے نہیں نکالی جائے گی بلکہ رول اوور کے لیے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار رول اوور کی مدت پہلے سے زیادہ ہونے کا امکان ہے اور اس حوالے سے یو اے ای حکومت سے مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے پالیسی اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور اقتصادی سفارتکاری کو وسعت دے کر عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت بین الاقوامی تعلقات کی تاریخ کے ایک اہم اور ہنگامہ خیز دور سے گزر رہی ہے۔ عالمی اداروں اور باہمی اقتصادی انحصار کے تصورات پر نظرثانی کی جا رہی ہے جبکہ جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں اور نئی عالمی صف بندیوں نے نیا منظرنامہ تشکیل دیا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ان نئی حقیقتوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔





