اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 6 سال کے تعطل کے بعد لندن کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں، یوں دونوں ممالک کے درمیان 71 سال پرانا فضائی رشتہ ایک بار پھر قائم ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 785، 325 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کو سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیک کاٹا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کو 660 سی سی گاڑی بھی دی گئی۔ دیگر مسافروں میں بھی تحائف تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوا بازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع کا کہنا تھا کہ یہ پرواز پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے لندن آپریشن کی بحالی پر پی آئی اے کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اقدام برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے براہ راست سفری سہولیات فراہم کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ پی آئی اے 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کر رہی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے پاکستان اور لندن کے درمیان ہفتہ وار 4 پروازیں چلائے گی، جن میں 3 اسلام آباد اور 1 لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔ لندن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی منزل تھی، اور اس روٹ کے ساتھ ادارے کا 71 سال پرانا تعلق رہا ہے۔





