جنوبی اٹلی کے جزیرے کیپری کی مقامی حکومت کی طرف سے سیاحوں کے وہاں جانے پر عائد کردہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی اس جزیرے تک پینے کا صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن میں خرابی کی وجہ سے لگائی گئی تھی۔
اطالوی دارالحکومت روم سے اتوار 23 جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ جزیرہ جنوبی اٹلی کے شہر نیپلز کے قریبی سمندری علاقے میں واقع ہے اور وہاں مین لینڈ اٹلی سے پینے کا صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن میں خرابی کے باعث پانی کی ترسیل بند ہو گئی تھی۔
اس پر کیپری کے میئر پاؤلو فالکو نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اس جزیرے پر سیاحوں کی آمد پر پابندی لگا دی تھی۔ واٹر سپلائی میں یہ خرابی کل ہفتہ 22 جون کے روز پیدا ہوئی تھی اور میئر فالکو نے فوری طور پر اس جزیرے پر سیاحوں کی آمد ممنوع کر دی تھی۔
کیپری تک صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن کی ماہرین نے مسلسل کوششیں کر کے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ہی مرمت کر دی تھی اور جزیرے کو واٹر سپلائی بحال ہو گئی تھی۔ اس پر میئر فالکو نے اتوار کو علی الصبح اعلان کر دیا کہ اب سیاح کیپری آ سکتے ہیں۔