لاہور: مشہور کہاوت ہے کہ ’’جو سوتے ہیں وہ کھوتے ہیں‘‘، لیکن اب سونے کے بھی لاکھوں روپے ماہانہ ملیں گے، بھارتی کمپنی نے انوکھی اور دلچسپ پیشکش کر دی
بھارتی ٹی وی کے مطابق آج کل بیروزگاری عالمی مسئلہ بنتی جا رہی ہے، نوجوان روزگار کے متلاشی ہیں اور حصول روزگار کیلئے سخت محنت سے بھی نہیں کتراتے لیکن ایک کمپنی ایسی بھی ہے جس کے ملازم کو کچھ نہیں کرنا صرف دن میں 8 گھنٹے تک سونا ہے اور اس کیلئے اسے ماہانہ 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
منفرد اور دلچسپ پیشکش دینے والی معروف بھارتی کمپنی ویک فٹ نے پروفیشنل سلیپ انٹرن پروگرام متعارف کرایا ہے، دو ماہ کے اس انٹرن شپ پروگرام میں شریک افراد کو کوئی محنت نہیں کرنا ہوگی بلکہ ہر رات 8 سے 9 گھنٹے کی بھرپور نیند کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ دن میں صرف 20 منٹ تک نیند (قیلولہ) لینا ہوگی، اس انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو روزانہ رات کو مقررہ وقت کم ازکم 8 گھنٹے کیلئے سونا ہوگا یعنی وہ گھر جیسا آرام کرتے ہوئے لاکھوں روپے کما سکیں گے۔