کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کے مبینہ قتل کے حوالے سے مقدمہ درج کرنے کی استدعا منظور کر لی ہے۔
حمیرا اصغر کے مبینہ قتل کے مقدمے کے لیے درخواست پر سماعت کی گئی، جس میں ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا گیا تھا۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی استدعا منظور کر دی اور درخواست نمٹا دی۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ یا ریاست کے کسی فرد کا بیان ریکارڈ کیا جائے تاکہ مقدمہ قانونی طور پر درج کیا جا سکے۔
کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ اداکارہ پچھلے سات سال سے اس فلیٹ میں مقیم تھیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، حمیرا اصغر اکیلی رہتی تھیں اور 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا۔ تاہم، 2024 سے وہ کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔ مالک مکان کی درخواست پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے بیلف بھیجا گیا، لیکن دروازہ بند تھا۔ دروازہ نہ کھلنے پر اسے توڑا گیا، جس کے بعد کمرے میں اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔






