سوات: وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال ایک بڑا چیلنج ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ سیلاب سے خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے فصلوں اور کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے بھی رابطہ کیا ہے، اس وقت سیاست نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں۔ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضا کاروں کو سلام پیش کرتا ہوں جو جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم متاثرہ علاقوں کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آج بھی وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں سیلابی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ انشاءاللہ اس بڑے چیلنج پر قابو پا لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا تعاون قابلِ تحسین ہے، ہمیں ہر حال میں متاثرین کو مشکلات سے نکالنا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز فوری بحال کی جائیں تاکہ متاثرین اپنے پیاروں سے رابطہ قائم رکھ سکیں۔






