چین میں شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں: دفتر خارجہ

0
146

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلہ دیش کے دورے پر روانہ ہوں گے، جس کے مثبت اثرات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کے فروغ پر مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نام نہاد گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر دفتر خارجہ نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے دو روزہ دورے کی کامیابی کی بھی تصدیق کی، جس میں پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ، سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، افغانستان اور خطے کی سلامتی پر تبادلہ خیال ہوا۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم سے چین کو آگاہ کیا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر چین کی حمایت کو سراہا۔ کابل میں سہ فریقی اجلاس میں بھی سیاسی، اقتصادی اور سلامتی تعاون پر مشاورت ہوئی، جبکہ خطے میں امن و استحکام، سرحدی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں تھا اور میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر غلط ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا