تحریر و تحقیق: مسعود چوہدری
پاکستانی سیاست میں کچھ الفاظ ایسے ہیں جو ایک بار رہنماؤں کی زبان پر آ جائیں تو اترتے نہیں۔ ”گیم چینجر“ ایسی ہی ایک سدا بہار اصطلاح ہے، جو کبھی شاہراہ پر سجتی ہے، کبھی کوئلے کی کان پر، کبھی ریلوے ٹریک پر اور کبھی جلسے کے اسٹیج پر۔ سوال یہ ہے کہ جو کھیل بدلنے کا اعلان ہر دور میں ہوا، کیا وہ کھیل واقعی بدلا؟ لیکن اس سے پہلے اس اصطلاح کی اپنی دلچسپ کہانی جان لیتے ہیں۔ امریکی ماہرِ لسانیات ولیم سیفائر نے 2008ء میں نیویارک ٹائمز کے کالم میں اس کا سراغ لگایا تو اسے کھیل سے جوڑا، جبکہ ایک حوالے کے مطابق کھیل میں اس کا استعمال 1982ء میں ہوا۔ مزید کھوج پر اس کی ایک پرانی مثال تاش کے کھیل برج میں ملی، جہاں اٹلانٹا کانسٹی ٹیوشن کے 29 جون 1930ء کے کالم میں کھیل کے قواعد بدلنے کی کوششوں پر تنقید کی گئی۔ ویبسٹر لغت کے مطابق اس کا پہلا معلوم استعمال 1993ء کا ہے اور اس کے معنی ہیں کوئی نیا عنصر جو موجودہ صورتِ حال کو نمایاں طور پر بدل دے۔ ابتدا میں یہ ان مقابلوں کے لیے آتی تھی جہاں کوئی کھلاڑی واقعی نتیجہ بدل دیتا تھا، پھر کاروبار میں مقبول ہوئی اور امریکی سیاست تک پہنچی۔ 2008ء میں ہلیری کلنٹن نے انتخابات بمعنی پرائمریز میں اپنی کامیابی کو گیم چینجر کہا اور 2013ء میں صدر اوباما نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو یہی لقب دیا۔ آج اس کے بے جا استعمال سے اکتاہٹ کا یہ عالم ہے کہ لیک سپیریئر اسٹیٹ یونیورسٹی کی 2025ء کی ممنوعہ الفاظ کی فہرست میں بھی یہ شامل ہو چکی ہے۔ جو لفظ کھیل میں فیصلہ کن موڑ کے لیے بنا تھا، وہ سیاست تک پہنچ کر ہر اعلان کا لقب بن گیا۔
پاکستان میں اکثریت کا گمان یہی ہے کہ یہ اصطلاح پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں استعمال کی گئ لیکن ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ اسکا سرکاری سیاسی استعمال CPEC کے لیے استعمال سے پہلے 2011ء سے شروع ہوتا دکھائ دیتا ہے۔ 12 فروری 2011ء کو سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات اور خطے میں اپنے مفادات کے حوالے سے خود کو گیم چینجر کے کردار میں دیکھنا چاہتا ہے۔ یعنی یہ لفظ سی پیک سے پہلے خارجہ پالیسی کی لغت میں داخل ہو چکا تھا۔اصل عروج 2015ء کے بعد آیا، جب پاک چین اقتصادی راہداری قومی بیانیہ بن گئی۔ جنوری 2016ء میں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے اسے پورے خطے کے لیے گیم چینجر کہا، اور اگست 2016 میں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے 46 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کا حوالہ دے کر اسے قومی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔ اسی ماہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سی پیک صرف گیم چینجر نہیں بلکہ ”فیٹ چینجر“ بھی ہے۔ گویا بات کھیل بدلنے سے بڑھ کر قسمت بدلنے تک جا پہنچی۔ 2017ء میں احسن اقبال نے تین ارب انسانوں کی زندگیاں بدلنے کی صلاحیت کا ذکر کیا، شہباز شریف نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا رخ بدل دے گا، شاہد خاقان عباسی نے اسے پورے خطے کے لیے گیم چینجر کہا، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسے خطے کی معیشتوں کی سمت بدلنے والا گیم چینجر کہا۔ جنوری 2018ء میں شہباز شریف نے اعلان کیا کہ سی پیک گیم چینجر بن چکا ہے۔
حکومت بدلی تو چہرے بدل گئے، اصطلاح وہی رہی۔ اکتوبر 2019ء میں چین میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سی پیک کی صلاحیت کو گیم چینجر کہا، اور ستمبر 2021ء میں کراچی کے کوسٹل ڈیویلپمنٹ زون کو یہی لقب دیتے ہوئے 20 ہزار مکانات کی نوید سنائی۔ اکتوبر 2022ء میں شہباز شریف نے تھر کول کو، جس سے سالانہ چھ ارب ڈالر تک درآمدی بچت کا ذکر کیا گیا، اور ایم ایل ون کو گیم چینجر کہا۔ جنوری 2024ء میں مولانا فضل الرحمان نے سی پیک کے لیے اور اکتوبر 2024ء میں مریم نواز نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کے لیے یہی لفظ برتا۔ اسٹیج بھی پیچھے نہ رہا۔ مارچ 2022ء میں شیری رحمان نے بلاول بھٹو کے عوامی مارچ کو اور فروری 2024ء میں مریم نواز نے نواز شریف کی گوجرانوالہ کی تقریر کو گیم چینجر کہا۔
اور اب، 12 نومبر 2026ء کو اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے کو ممکنہ گیم چینجر قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق ایک بڑے منصوبے سے تجارتی پیداوار شروع ہونے پر سالانہ 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں، جو موجودہ اشیائی برآمدات کا تقریباً دس فیصد ہیں۔ انہوں نے نام نہیں لیا، مگر دستیاب تفصیلات کے مطابق اشارہ ریکوڈک کی طرف ہے، جس کی پیداوار کا ہدف 2028ء کے آخر بتایا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے 2029ء کی توقع ظاہر کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خام معدنیات بیچنے کے بجائے مقامی پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن پر زور دیا، اور مریم نواز نے چنیوٹ میں 261.5 ملین ٹن لوہے کے ذخائر کی بات کی۔
یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ہے۔ گیم چینجر ایک ایسی اصطلاح بن چکی ہے جسے بارہا سنا جاتا ہے اور ہر شخص اس کا وہی مطلب لیتا ہے جو اس کی اپنی سمجھ میں آتا ہے۔ حکمران کے لیے یہ ایک بڑا منصوبہ، ایک تقریر اور ایک سرخی ہے، سرمایہ کار کے لیے منافع کا امکان، مگر غریب پاکستانی کے لیے گیم کا مطلب روٹی، بجلی کا بل، دوا اور بچوں کی فیس ہے۔ اس کی گیم آج بھی وہی ہے جو بیس برس پہلے تھی: استحصال، مہنگائی اور تباہ حالی۔ اصطلاح ہر دور میں نئے لباس میں آتی رہی، مگر گیم تبدیل نہیں ہوئی۔ بیان کی تاریخ آسانی سے مل جاتی ہے، نتیجے کی تاریخ تلاش کرنا پڑتی ہے۔
اس کے باوجود عوام ایک بار پھر مثبت سوچ اور آس و امید کے ساتھ بیٹھے ہیں، کیونکہ ڈوبتے کو تنکے کا سہارا بھی بہت ہوتا ہے۔ معدنیات کا شعبہ بلاشبہ صلاحیت رکھتا ہے، مگر امید کو یقین میں بدلنے کے لیے چند سوالوں کے جواب لازم ہیں۔ ریکوڈک کے علاوہ کون سے منصوبے اگلے تین سے پانچ سال میں پیداوار دیں گے؟ مقامی ریفائننگ کی کتنی صلاحیت پیدا ہوگی؟ صوبوں اور مقامی آبادی کو آمدن میں کتنا حصہ ملے گا؟ ذخائر کے تخمینوں کی آزادانہ تصدیق کس ادارے نے کی ہے؟ اور معاہدوں، لائسنسوں اور رائلٹی کی تفصیلات عوام کے سامنے کب آئیں گی؟ جب تک ان کے جواب نہیں ملتے، یہ بھی ایک اعلان ہے، ثبوت نہیں۔
آج فورم کے دوسرے روز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے خطابات شیڈول میں ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ان کے الفاظ میں وعدوں کے ساتھ جوابدہی کا کوئی طریقہ بھی شامل ہوتا ہے یا نہیں۔ کھیل تب بدلے گا جب اس کا فائدہ اس غریب تک پہنچے جو اب تک تماشائی ہے، کھلاڑی نہیں۔ ورنہ گیم چینجر سدا بہار رہے گا اور گیم سدا ویسی ہی۔





