میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ٹاؤنز کے قیام کے بعد سے جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو 27 ارب روپے دیے جاچکے ہیں جبکہ وہ مسلسل شکایت کرتے ہیں کہ انہیں فنڈز فراہم نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہر ماہ ان ٹاؤنز کو ایک ارب روپے دیتی ہے لیکن جماعت اسلامی والے صرف اختیارات نہ ہونے کا رونا روتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں حالیہ بارشوں کے دوران 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نالوں میں صرف 40 ملی میٹر پانی کی گنجائش ہے۔ پہلے روز 12 گھنٹوں میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اگر نالے صاف نہ کیے جاتے تو پانی اب تک کھڑا ہوتا، زیادہ بارش کی صورت میں کوئی بھی شخصیت آ جائے، وہ پانی نہیں نکال سکتی۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ 20 جون سے نالوں کی صفائی کا عمل شروع کیا گیا جو 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اب تک 30 لاکھ 24 ہزار کیوبک فٹ چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کیا جاچکا ہے اور کچرا لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر اورنگی نالہ صاف نہ کیا جاتا تو ڈسٹرکٹ ویسٹ متاثر ہوتا اور اگر نہر خیام کو کلیئر نہ کیا جاتا تو گزری اور پنجاب چورنگی کے علاقے پانی میں ڈوب جاتے۔






