بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کسی بھی تیسرے فریق کی ثالثی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ مؤقف نئی دہلی میں اکنامک ٹائمز ورلڈ لیڈرز فورم سے خطاب کے دوران اختیار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایسا امریکی صدر نہیں دیکھا جس نے خارجہ پالیسی کو عوامی انداز میں چلایا ہو۔
جے شنکر نے آپریشن سندور کے موقع پر امریکا کی فون کالز کا اعتراف بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکا سمیت کئی ممالک کی جانب سے فون کالز کی گئیں، یہ کوئی خفیہ بات نہیں، امریکا کی ہر فون کال میرے ایکس اکاؤنٹ پر موجود ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ نے روسی تیل کے معاملے پر امریکہ اور یورپ کے اعتراضات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے قومی مفاد کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔ اگر کسی ملک کو بھارتی مصنوعات یا ریفائنڈ تیل خریدنے میں مسئلہ ہے تو وہ نہ خریدے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اس بات پر قومی اتفاق رائے ہے کہ ہم اپنے پڑوسی کے ساتھ کسی بھی مسئلے پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں کرتے۔






