اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پیش آنے والے واقعے نے انہیں دو ٹوک فیصلہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فکری اور معاشی دیانت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق انہوں نے گزشتہ منگل بانی پی ٹی آئی کو علی بخاری کے ذریعے پیغام پہنچایا تھا، تاہم اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خان صاحب سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جائیں گے، تاہم بطور وکیل اپنی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی روایتی سیاست دان نہیں، نہ جاگیردار ہیں اور نہ ہی مل اونر، مگر ان کا مختصر خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اور باہر سے حملوں کو برداشت کیا اور اپنی وکالت کو پس پشت ڈال کر معاشی بے یقینی کو قبول کیا۔





