لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جھیلیں ہماری ثقافت، سیاحت اور ماحول کی شناخت ہیں اور پنجاب کی جھیلوں کو سیاحت کے مراکز بنایا جا رہا ہے۔
جھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جھیلیں قدرت کا حسن اور حیاتیاتی زندگی کا استعارہ ہیں۔ جھیلیں پانی، حیاتیاتی تنوع اور ماحول کی ضامن ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ خوشاب، کلرکہار اور دیگر علاقوں کی قدرتی جھیلوں کو محفوظ اور جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ یہ سیاحتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جھیلوں کا قدرتی ماحول محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے اور پنجاب سیاحتی ترقی اور قدرتی توازن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ بہتر مستقبل کے لیے جھیلوں کو محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔






