اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ کا انوکھا کارنامہ، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی جانب سے شوہر، بیوی اور بیٹی کو آفیشل بنا کر پاکستان کی نمائندگی کرانے والے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے متنازعہ انتخابات کے بعد وجود میں آنیوالی باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور کی جانب سے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں اپنی اہلیہ ماریہ سہیل اور بیٹی مریم سہیل کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے این او سی دلانے کر ایونٹ میں نمائندگی کروانے کا اقدام ملک کی بدنامی کا سبب بنا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جوائے رائیڈ ٹرپ پر فیڈریشن کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر پی ایس بی کی ساکھ متاثر ہورہی ہے جس سے بعض فیڈریشنز کو غیر ضروری سپورٹ کرنے کے حوالے سے انکی جانبداری کھل کر سامنے آرہی ہے بلکہ باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی شفافیت اور میرٹ پر بھی سوالیہ نشان لگا دیاہے۔ سپورٹس بورڈ نے خود ہی اس آفیشلز لسٹ کو بغیر جانچ پڑتال کے این او سی جاری کیا تھاجس میں ایک ہی گھرانے کے تین افراد شامل تھے جبکہ پی ایس بی کی انکوائری کمیٹی نے فیڈریشن کو محض وارننگ دے کر معاملہ ختم کر دیا ہے






