شام نے طویل وقفے کے بعد خام تیل کی برآمدات دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایک تجارتی فرم کے ساتھ معاہدے کے تحت 6 لاکھ بیرل خام تیل طرطوس کی بندرگاہ سے برآمد کیا گیا، جو کہ 14 برسوں میں پہلی بڑی کھیپ ہے۔
یاد رہے کہ شام نے آخری بار 2010 میں یومیہ 3 لاکھ 80 ہزار بیرل برآمد کیے تھے۔ مگر بشارالاسد حکومت کے خلاف مظاہرے خانہ جنگی میں بدل گئے اور تقریباً 14 سالہ تنازع نے معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو بری طرح تباہ کیا۔
گزشتہ دسمبر میں بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد نئی حکومت نے وعدہ کیا کہ وہ ملک کو معاشی طور پر سنبھالے گی، اور تیل کی برآمدات کی بحالی اسی سمت ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔






