پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی پر جبکہ دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ستلج میں بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ریلیف کمشنر کے مطابق 5 ستمبر تک راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث بہاؤ مزید بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 83 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا ڈیم کا لیول 1549.78 فٹ اور منگلا ڈیم 1226.50 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.70 فٹ تک پہنچنے پر اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ڈیم کے اسپل ویز صبح 7 بجے کھولے گئے اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا گیا تھا۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ راول ڈیم کے اسپل ویز کھلنے سے کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آئے گی لہٰذا عوام کو ہدایت ہے کہ وہ نالے یا اس پر بنے عارضی پل ہرگز عبور نہ کریں۔






