نئی دہلی: بھارتی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ان کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس پانی روکنے اور اچانک چھوڑنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ اگر بھارت اچانک پانی روک کر پاکستان کی جانب چھوڑے تو بڑے پیمانے پر سیلاب آئے گا اور پاکستان اس پانی کو سنبھال نہیں سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فصلوں کے موسم میں پانی روک سکتا ہے اور بارشوں کے موسم میں، جب پانی کی ضرورت کم ہوتی ہے، تب چھوڑ سکتا ہے تاکہ پاکستان کو زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے۔
کنول جیت سنگھ کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ عالمی نہیں بلکہ دو طرفہ معاہدہ ہے، اس لیے بھارت اپنی مرضی سے پانی روکنے یا چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں پانی چھوڑا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں غیر معمولی سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، درجنوں افراد جاں بحق ہوئے، کھیت اور مکانات تباہ ہو گئے۔






