اگلی بار دشمن کو “60-0” سے شکست دیں گے،ائیر وائس مارشل کا دوٹوک پیغام

0
190

کراچی – یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل شہریار خان تھے۔

تقریب سے خطاب میں شہریار خان نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستانی قوم اور افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دینا پاک فضائیہ کے لیے ایک اعزاز ہے۔

انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے 6 ستمبر 1965 کی یادیں تازہ کر دیں، لیکن آئندہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اس بار اسکور 6-0 نہیں، بلکہ 60-0 ہوگا۔

ائیر وائس مارشل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ ہر محاذ پر تیار کھڑی ہے اور دشمن کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے۔ ان کے بقول، “ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف جنگ کے وقت، بلکہ امن کے دنوں میں بھی ملک کی خدمت میں پیش پیش ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی جدت نے پاک فضائیہ کو عالمی سطح پر ممتاز کیا ہے، اور ملکی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

یومِ دفاع کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں ایک جنگی جھڑپ میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے کئی جنگی طیارے، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے، تباہ کیے اور دشمن کے کئی اہم ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا