ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں دریائے چناب پر موضع دھوندو والا کے قریب 80 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ اچانک سیلابی ریلا آنے سے لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت بندوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
فلڈ بند ٹوٹنے سے دھوندو، گردیز پور، نواں شہر، خانپور قاضیاں، چھجو شاہ والا، موچی پورہ، پونٹہ، سومن، خیر پور، رکن ہٹی اور وینس ماڑھا سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے۔ انتظامیہ اور وزرا موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں اور بند کو مضبوط کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہر کو بچانے کے لیے بختو واہ نہر کا بند آخری رکاوٹ کے طور پر قائم ہے۔




