لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) کا قیام ان کا دیرینہ خواب تھا جو آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ زمینوں پر قبضے کے کیسز کے فیصلے اب 90 روز میں ہوں گے۔
پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے پاس آؤٹ ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے آپ کو عوام اور وطن کی خدمت کا موقع دیا ہے، آپ کے کندھوں پر کروڑوں لوگوں کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رشوت سے دور رہیں، عوام کو انصاف اور ریلیف فراہم کریں، حکومت کی ریٹ لسٹ کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمت کو یقینی بنانا آپ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر عوام خصوصاً خواتین خوش ہیں، پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین کی شمولیت اس بات کی علامت ہے کہ عوام کو سہولت دینا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہے، سی سی ڈی نے امن قائم کر کے ایک مثال قائم کی ہے، میرا خواب ہے کہ پنجاب ماں بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بیواؤں اور یتیموں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون لا رہے ہیں، خصوصی عدالتوں میں ایسے کیسز کے فیصلے 90 دن میں ہوں گے اور قبضہ کرنے والوں کو 10 سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔
قبل ازیں، وزیراعلیٰ نے پیرا فورس کے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا، نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں اعزازات تقسیم کیے اور ڈائریکٹر جنرل پیرا کی جانب سے سووینئر بھی وصول کیا۔





