پیپلز پارٹی نے پنجاب کے سیلاب پر سیاست کی، مریم نواز

0
207

ڈی جی خان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب کے سیلاب پر سیاست کی، سندھ کا کیا حال ہے میں بات نہیں کرنا چاہتی، اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں ہم پنجاب کو سنبھال لیں گے۔

ڈی جی خان میں الیکٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ مجھے کہا جارہا ہے کہ میں کیوں دنیا کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا رہی، میں نواز شریف کی بیٹی ہوں کسی کے آگے امداد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی، کوئی باعزت شخص امداد مانگنے کی بات کیسے کرسکتا ہے؟ مجھے کسی امداد کی ضرورت نہیں، پنجاب کے عوام کا پیسہ پنجاب کے عوام پر ہی خرچ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول میرا چھوٹا بھائی ہے مگر انہیں کہنا چاہتی ہوں کہ پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو سمجھائیں، سندھ میں کیا ہورہا ہے میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتی، آپ اپنے صوبے کو دیکھیں اور اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں، ہم پنجاب کو سنبھال لیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بات کرنے والوں کو یہاں بھی اقتدار ملا تھا، جنوبی پنجاب میں کام تو نواز شریف اور شہباز شریف نے کیا تھا۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کو نعروں کے سوا کچھ نہیں ملا، ہم یہاں عملی کام کررہے ہیں، جنوبی پنجاب کے صوبوں میں اسکول کے بچوں کو دودھ بھی دیا جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بار بار جنوبی پنجاب کی بات کرکے لکیر کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے، جنوبی پنجاب کی بات کرنے والوں نے ایک دھیلے کا بھی کام نہیں کیا۔ جنوبی پنجاب میرے لیے اپنے بیٹے جنید کی طرح ہے، کسی کو پنجاب کے لوگوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی، میں جنوبی اور وسطی کی نہیں پورے ایک صوبے کی وزیراعلیٰ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں صرف دس ہزار کی امداد ہے جب کہ ہم دس لاکھ روپے کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ جن کا لاکھوں کا نقصان ہوگیا اس کو دس ہزار سے کیا ہوگا؟

مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے لیے 101 بسیں چلیں گی، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور، تونسہ اور کوٹ ادو میں ای بسیں چلیں گی۔ ماحول دوست بسوں میں خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سفر ہوگا، معذور اور خصوصی افراد کے لیے بسوں میں ریمپ کی سہولت موجود ہے جبکہ خواتین کے لیے بسوں میں محفوظ اور باعزت الگ جگہ ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا