کوالالمپور میں وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ کوالالمپور کی شاہراہیں پاکستانی اور ملائیشیائی پرچموں سے سجائی گئی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر آئے ہیں، جہاں ان کا وزیراعظم انور ابراہیم نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خوش آمدید کہنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ دورے کے دوران دونوں رہنما ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
توقع ہے کہ تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کے ساتھ عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی غور کیا جائے گا۔ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔






