نیپرا نے کے الیکٹرک کو بریک ڈاؤن کی ذمہ داری کا ذمہ دار قرار دے دیا
اسلام آباد: نیپرا نے جنوری 2023 میں ملک بھر میں ہونے والے بڑے بجلی بریک ڈاؤن پر کے الیکٹرک پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
اتھارٹی کے مطابق کے الیکٹرک اپنی آپریشنل ذمہ داریوں میں ناکام رہی، جبکہ اس کے وضاحتی بیانات بریک ڈاؤن کا مناسب جواز فراہم نہیں کر سکے۔ نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک نے مکمل طور پر نیشنل گرڈ کو ذمہ دار ٹھہرا کر اپنی خامیوں کو نظرانداز کیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے جوابات غیر اطمینان بخش اور ناقابلِ قبول پائے گئے۔ نیپرا نے کمپنی کو 15 روز کے اندر جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اتھارٹی کے مطابق “لو سسٹم انرشیا” کا حوالہ تکنیکی طور پر درست ضرور ہے، مگر یہ ناکامی کی وضاحت کے لیے ناکافی ہے۔ بلیک اسٹارٹ پلانٹس کی کارکردگی حقیقی بحران میں مؤثر ثابت نہیں ہوئی، بار بار ٹرپنگ سے ظاہر ہوا کہ حفاظتی اقدامات ناکام رہے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک کے بلیک اسٹارٹ پلانٹ میں پائی جانے والی تکنیکی خامیاں اب بھی برقرار ہیں۔
نیپرا نے وضاحت کی کہ کمپنی کو سماعت کا پورا موقع دیا گیا۔ سماعت 14 نومبر 2024 کو ہونا تھی، تاہم کے الیکٹرک کی درخواست پر مؤخر کر دی گئی، جس کے بعد دوبارہ سماعت 20 مارچ 2025 کو نیپرا ہیڈ آفس میں ہوئی۔






