لاہور اور اسلام آباد کے داخلی راستے دوسرے روز بھی بند، شہری مشکلات کا شکار

0
363

لاہور اور اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث تمام مرکزی داخلی و خارجی راستے دوسرے روز بھی بند رہے، جس سے ٹریفک معطل اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔ شہریوں کو ضروری سفر، ملازمت اور علاج کے لیے شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

لاہور میں سگیاں پل، شاہدرہ کی جانب راوی پل، پرانا راوی روڈ اور شہر میں جانے والی متعدد سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کی گئی ہیں۔ لاہور پریس کلب اور قریبی علاقوں میں بھی رکاوٹیں موجود ہونے سے عام آمدورفت متاثر ہے۔ لاہور سے اسلام آباد موٹروے اور اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے مکمل طور پر بند ہیں جبکہ بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے بھی انٹری روک دی گئی ہے۔ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس دوسرے دن بھی معطل ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں جی ٹی روڈ، موٹروے اور لنک ہائی ویز پر بھی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ وزیر آباد میں مولانا ظفر علی خان بائی پاس، چناب ٹول پلازہ اور خانکی بیراج پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ جانے والے راستے بند ہیں۔

گجرات میں دریائے چناب پل کے قریب خندقیں کھود کر لاہور اور اسلام آباد کی جانب ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ کھاریاں، سرائے عالمگیر اور خانپور ہزارہ میں بھی جی ٹی روڈ بند ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے راستے اور ایم فور موٹروے لاہور کی سمت بھی بند کر دی گئی ہے۔ سیالکوٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس تعینات ہے اور لاہور–سیالکوٹ موٹروے بھی بند ہے۔

جڑواں شہروں میں بھی سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جڑواں شہروں کے داخلی و خارجی راستے، ریڈ زون اور اندرونِ شہر کی متعدد سڑکیں بند ہیں۔ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی تاحال معطل ہے۔ اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے، ڈی چوک، سرینا چوک، مری روڈ، جی ٹی روڈ اور موٹروے انٹرچینجز ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ میٹرو بس اور دیگر مقامی ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔

راولپنڈی میں مری روڈ، آئی جے پی روڈ، پنڈورا چونگی، سکستھ روڈ، چاندنی چوک، لیاقت باغ یوٹرن، کمیٹی چوک، مریڑ چوک اور دیگر مقامات کو کنٹینرز سے بند کیا گیا ہے۔ سوزوکی اسٹینڈ، حیدر روڈ، کھنہ پل، کری روڈ اور چکری انٹرچینج سمیت متعدد راستوں پر آمدورفت ممکن نہیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے تحت امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، لاہور کے تعلیمی ادارے ہنگامی طور پر بند کر دیے گئے تھے، جبکہ پبلک سروس کمیشن کے ایس ڈی او پیرا کے امتحانات بھی مؤخر ہو گئے ہیں۔ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اسلام آباد و راولپنڈی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا