اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ خارجی صورتحال پر فوری طور پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔ محمود خان اچکزئی کی صدارت میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں افغانستان سے متعلق سعودی مؤقف کی حمایت کی گئی اور خیبرپختونخوا میں وفاقی وزرا کی مداخلت کی مذمت کی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب تحریک انصاف کا آئینی حق ہے اور وفاقی حکومت غیر آئینی اقدامات سے باز رہے۔
رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے اراکین اسمبلی کو آزاد قرار دینے کے فیصلے کو ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ افزائی قرار دیا اور بلوچستان و خیبرپختونخوا میں بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا۔ مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ مجروح ہو چکی ہے اور امن کی بہتری کے لیے عوام کی مشاورت ناگزیر ہے۔





