شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مختلف ممالک کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف، آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پاشینیان، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
شہباز شریف کی ملاقاتیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے بھی ہوئیں۔
وزیراعظم نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔
شرم الشیخ پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال مصر کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحی نے کیا۔ ملاقاتوں میں خطے میں امن کے لیے اقدامات، فلسطینی عوام کی حمایت اور دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔





