اسلام آباد میں چار نومنتخب سفیروں نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔ اسناد پیش کرنے والوں میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان، لبنان کے سفیر عبدالعزیز عیسیٰ، نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ یان سیگرٹ اور نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن شامل تھے۔
پاک فوج کے دستے نے سفیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ آئی ٹی، توانائی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ لبنان کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کی یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے نیدرلینڈز کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور ماحولیاتی استحکام کے منصوبوں میں تعاون کو اہم قرار دیا، جب کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ زراعت، مویشی بانی، ماہی گیری اور صاف توانائی کے شعبوں میں مواقع اجاگر کیے۔
صدر نے امید ظاہر کی کہ چاروں سفیروں کی ذمہ داریاں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی۔





