اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دوحہ میں رات گئے طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اسے خطے میں امن کی سمت پہلا قدم قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے برادر ملک قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ ہم ایک ٹھوس اور قابل تصدیق نگرانی کے طریقہ کار کے قیام کے منتظر ہیں، جس کی میزبانی ترکیہ کی طرف سے کی جانے والی اگلی میٹنگ میں کی جائے گی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نگرانی کا طریقہ کار ضروری ہے تاکہ افغان سرزمین سے پاکستان کی طرف اٹھنے والی دہشت گردی کے خطرے سے نمٹا جا سکے اور مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔
یاد رہے کہ قطر کی میزبانی اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان 13 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، جن میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا۔






