اسلام آباد(طلوع نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ رات گئے رینجرز اور پولیس نے میرے گھر کے دروازے توڑے اور ملازمین کے بازو توڑ دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رات گئے تقریباً 3 بجے رینجرز، اسلام آباد پولیس اور بعض سول کپڑوں میں ملبوس اسی سے 90 لوگ میرے گھر ایف سیون فور اسلام آباد میں دروازے توڑ کر داخل ہوگئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں گھرمیں موجود نہیں تھا، رینجرز اور پولیس نے میرے ملازمین کو مار مار کر ان کے بازو توڑ دیے، اور حسب معمول میری دونوں گاڑیاں، لائسنسی اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے۔
سابق وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں سامان بکھرا ہوا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں بات کروں گا۔






