لاہور میں محدود سطح پر بسنت منانے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بسنت سے متعلق سفارشات حکومت کو بھجوا دی ہیں جن کے مطابق بسنت فیسٹیول صرف ہفتہ اور اتوار، دو روز کے لیے ہوگا۔
اجلاس میں اندرونِ لاہور کے مخصوص علاقوں میں بسنت کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ شاہی قلعہ، موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور رنگ محل کو ممکنہ زونز میں شامل کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اندرون لاہور میں دو روزہ بسنت فیسٹیول کی تجویز پیش کی گئی۔
انتظامیہ نے “محفوظ بسنت پلان” تیار کرکے حکومت کو جمع کروا دیا ہے۔ اس کے تحت تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ صرف کپاس یا نشاستے سے تیارشدہ ڈور کی اجازت ہوگی، جبکہ پتنگوں اور ڈور پر بار کوڈ لازم قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔






