راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ملکی علاقائی سالمیت پر کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا مضبوط اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہاں کے عوام محب وطن، باصلاحیت اور پُرعزم ہیں، صوبے کی ترقی کے لیے عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی کے تحت ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے، سول سوسائٹی خصوصاً نوجوانوں کا کردار صوبے کی پائیدار ترقی میں نہایت اہم ہے، نوجوانوں کو ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر اور فتنۃ الخوارج عوام دشمن ایجنڈے کے ذریعے بلوچستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ایسے تمام دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ورکشاپ کا اختتام ایک کھلے اور معلوماتی سوال و جواب کے سیشن پر ہوا۔






