اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد جموں و کشمیر حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریکِ عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ ان کا جمہوری حق ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کسی نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کسی غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی اور اب اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ جو بھی پارٹی پالیسی سے انحراف کرے گا، اسے تنظیمی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں نئی حکومت صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر مہاجرین اور بیرون ملک کشمیریوں کی فلاح کے لیے سرگرم ہے اور ایک منظم و مقبول جماعت کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی آئینی و سیاسی بحران کے حل میں مثبت کردار ادا کرتی رہے گی، جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔






