کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پیشرفت رپورٹ طلب کر لی ہے اور سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت میں پولیس نے رپورٹ پیش کی کہ سرجانی سے لاپتا دو شہریوں میں سے زر تاج ولی گھر واپس آگیا ہے جبکہ سیف الرحمان تاحال لاپتا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دوسرے لاپتا شہری سے متعلق معلومات بھی موصول ہوئی ہیں اور بہت جلد وہ بھی بازیاب ہوگا۔
گڈاپ سے لاپتا شہری فہد شاہ بحفاظت گھر واپس آگیا ہے، جس پر عدالت نے گمشدگی کی درخواست نمٹا دی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کلفٹن سے لاپتا شہری کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی اور پولیس اپنی مرضی کا بیان لکھ رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ تحریری بیان دیں، پولیس اس کے مطابق مقدمہ درج کرے گی۔
اسی دوران سندھ ہائی کورٹ نے بلڈر جاوید اقبال اور دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔ درخواستگزار کے وکیل کے مطابق جاوید اقبال اپنے آفس میں تھے جب 10 سے 12 افراد، جن میں پولیس یونیفارم اور سادہ لباس افراد شامل تھے، انہیں لے گئے۔
عدالت نے نوٹس کے ذریعے آئندہ سماعت تک جواب طلب کیا اور سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔






