اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، اور علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام کی جانب سے شریک مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور کانفرنس نے بات چیت کا اہم موقع فراہم کیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ کانفرنس دوطرفہ اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اہم ہے، اور عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ و روابط کے نظام میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو تک روابط کا محور رہا ہے، اور معیشت کی بڑھتی اہمیت نے اس قدیم گزرگاہ کی اہمیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کی طویل ساحلی پٹی اور کراچی کی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ میں شامل ہیں، اور پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے کوریڈور پر کام جاری ہے، اور علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی و تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔ بڑے منصوبے خطے کی اقتصادی صلاحیتوں کو یکجا کریں گے اور تجارت، معیشت اور توانائی میں تعاون سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور نوجوان نسل کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت دینے پر بھی زور دیا، اور کہا کہ آج کے روابط صرف سڑک، ریل یا فضائی راستوں تک محدود نہیں بلکہ ڈیٹا اور تکنیکی انضمام سے وابستہ ہیں۔






