ہلال کشمیر پانے والے پاک فوج کے بہادر سپوت نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کے یومِ شہادت پر سروس چیفس نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ نے 1948ء کی جنگ میں جامِ شہادت نوش کیا اور اپنی بہادری سے تاریخ رقم کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ پیر کلیوا رج کے دفاع میں نائیک سیف علی جنجوعہ کی جرات، استقامت اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
پیغام میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوان شہید کے جذبۂ ایمان و وفا سے رہنمائی لیتے رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ نے دشمن کی یلغار روک کر جرات و شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید زخمی ہونے کے باوجود محاذ پر ڈٹے رہے اور دشمن کی پیش قدمی کو روکا۔
محسن نقوی کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ جیسے بہادر سپوت افواجِ پاکستان اور پوری قوم کا فخر ہیں۔






