روس نے نئے لانگ رینج جوہری کروز میزائل “بوریویسٹنک” کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
روسی فوج کے سربراہ جنرل ویلری گراسموف نے صدر ولادیمیر پیوٹن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ تجربہ 21 اکتوبر کو کیا گیا، جس میں میزائل نے 14 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور تقریباً 15 گھنٹے تک فضا میں رہا۔
جنرل گراسموف کے مطابق یہ میزائل کسی بھی اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم کو ناکام بنا کر اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
روسی صدر پیوٹن کو یہ بریفنگ روسی جوائنٹ گروپ آف فورسز کے کمانڈ سینٹر کے دورے کے دوران دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بوریویسٹنک ایک منفرد ہتھیار ہے جو دنیا کے کسی اور ملک کے پاس موجود نہیں۔
پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ میزائل کے تمام ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں اور اب تعیناتی سے قبل آخری مرحلے پر کام شروع کیا جانا چاہیے۔
بوریویسٹنک میزائل روسی ہتھیاروں کے جدید پروگرام “ایس ایس سی-ایکس 9 اسکائی فال” کا حصہ ہے۔






