دبئی پولیس نے 3 سالہ بچی سارہ نبیل کی خواہش پوری کرتے ہوئے اُسے ننھی پولیس افسر بنا دیا۔
رپورٹس کے مطابق سارہ نے مقامی اسپتال میں ہونے والے ایک کمیونٹی ایونٹ کے دوران پولیس کی وردی پہننے اور لگژری پٹرولنگ گاڑی میں گھومنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
پولیس کے اسکول سکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم نے فوری طور پر یہ خواب پورا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا مقصد بچوں میں خوشی پھیلانا اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سارہ اور اُس کے خاندان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں کیپٹن ماجد بن سعد الکعبی اور لیفٹیننٹ مریم عیسیٰ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
پولیس نے سارہ کو تحفے اور ننھی سائز کی پولیس وردی دی، جبکہ اُسے لگژری پٹرولنگ گاڑی میں شہر کا دورہ بھی کرایا گیا۔
کیپٹن ماجد کے مطابق یہ اقدام دبئی پولیس کے اُس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد بچوں میں قومی وابستگی، اعتماد اور خوشی کا احساس پیدا کرنا ہے۔






