خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں کابینہ کی تشکیل تک تمام سرکاری محکموں، خودمختار اور ذیلی اداروں میں تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق پابندی کا اطلاق مستقل، عارضی اور پراجیکٹ ملازمین سمیت تمام افسران پر ہوگا۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کابینہ کے قیام تک جاری رہے گا۔
اعلامیے میں تمام محکموں کے سیکرٹریز اور ذیلی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حلف اٹھانے کے بعد اعلان کیا تھا کہ صوبائی کابینہ بانی چیئرمین کی مشاورت سے تشکیل دی جائے گی۔ تاہم حلف اٹھائے 12 روز گزرنے کے باوجود کابینہ تشکیل نہیں دی جا سکی۔






