راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان کی عدم پیشی پر ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے کی سماعت کی جو تھانہ صادق آباد میں درج ہے۔ علیمہ خان اور ان کے وکلا عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے سماعت کے دوران پانچ گواہ پیش کیے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ عدالتی احکامات کی بار بار خلاف ورزی کر رہی ہیں، جب کہ دیگر ملزمان اور گواہان مسلسل عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔
عدالت نے علیمہ خان کی غیرحاضری پر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے نادرا، سٹیٹ بینک اور ڈی جی امیگریشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ رپورٹ میں ملزمہ کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے ساتھ بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقدمے کی مزید سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔






