راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں چلتن اور کیچ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی جس پر فوری آپریشن کیا گیا۔ ضلع کوئٹہ کے چلتن پہاڑی سلسلے میں سکیورٹی فورسز اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی میں ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کارروائیوں میں دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد ملک میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت سرچ آپریشنز جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چلتن اور بلیدہ میں کارروائی کے دوران 18 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلیئرنس آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا واضح ثبوت ہے، اور سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم، حوصلے اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بلوچستان میں بھارتی پراکسی فتنۂ خوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چلتن اور بلیدہ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان اور فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور صوبے کے عوام ریاست کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں۔






