کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ٹائروں کے بڑے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں کئی گھنٹوں سے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور تیز ہوا کے باعث تیزی سے پھیل کر پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ نے ایک متصل گودام کو بھی متاثر کیا ہے۔
ریسکیو انچارج لبنیٰ فضل نے بتایا کہ آگ کی شدت بہت زیادہ ہے اور اس پر مکمل قابو پانے میں مزید 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اب تک فائر بریگیڈ کی 22 گاڑیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 8 گھنٹوں سے آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے گودام کی باؤنڈری وال گرائی جا رہی ہے اور تین اطراف سے آپریشن ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی پانی کے ساتھ فوم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ ہونے کے باعث آپریشن طویل ہو سکتا ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن نے شہر بھر کے تمام ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔






