پاکستان نے بھارتی میڈیا کے اسرائیل سے متعلق بے بنیاد دعوؤں کی سختی سے تردید کردی

0
322

اسلام آباد میں وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی طرح کا فوجی تعاون زیرِ غور ہے۔

بھارتی ریپبلک ٹی وی نے جھوٹا اور مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مغربی ممالک اور اسرائیل کی نگرانی میں 20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ بھارتی چینل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے ’’اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال‘‘ کی شق ختم کر دی ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پاکستانی پاسپورٹ میں اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال ہونے کی شق بدستور برقرار ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ آج بھی ’’اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال‘‘ ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف ہمیشہ سے واضح اور دو ٹوک ہے—پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا، نہ ہی کسی قسم کا فوجی تعاون زیرِ غور ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت میں اپنا اصولی مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت کہانیوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنا معمول بن چکا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا