وزیراعظم شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں عطاء تارڑ کا بیانِ حلفی جمع

0
487

لاہور کی سیشن کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے سماعت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بطور گواہ پیش ہوئے اور اپنا بیانِ حلفی جمع کرایا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جن سے ان کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ساکھ کو نقصان پہنچا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پانامہ کیس کے دوران رشوت کی پیشکش سے متعلق الزامات مختلف پروگرامز اور عوامی جلسوں میں بار بار دہرائے گئے، جو بدنیتی پر مبنی تھے۔

عدالت کے سوالات پر انہوں نے شہباز شریف کے سیاسی کیریئر، انتخابی کامیابیوں اور متعلقہ نوٹیفکیشنز کا حوالہ بھی دیا۔ عدالت نے بعض دستاویزات پر اعتراضات کے باوجود انہیں ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی، اور عدالت نے عطاء تارڑ کو جرح کے لیے 15 نومبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔

میڈیا سے گفتگو

سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت جاری ہے اور اس کا مقصد عدلیہ کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پہلے بھی غیر جماعتی ہوئے اور اب بھی وقت پر ہونے چاہییں۔

مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل 120 مرتبہ التواء لے چکے ہیں مگر کیس اب آخری مراحل میں ہے۔ ملکی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کی راہ بحال ہو رہی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا