فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن ریٹرن فائلنگ کے فروغ کے لیے مینول انکم ٹیکس فائلرز کے لیے خصوصی سہولیات کا اعلان کر دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان بھر میں ٹیکس سسٹم کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے تحت مینول انکم ٹیکس فائلرز کے لیے یہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق تمام ٹیکس دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیے گئے ہیں، جو مینول ریٹرن فائل کرنے والے ٹیکس دہندگان کو تمام ضروری معاونت فراہم کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مینول ٹیکس دہندگان آن لائن ریٹرن فائلنگ اور رجسٹریشن میں مکمل معاونت مفت حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ٹیکس دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اگر کسی مینول ٹیکس دہندہ کو قانونی مدد کی ضرورت ہو تو ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر یہ سہولت بھی مفت فراہم کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق مینول ٹیکس فائلرز کے لیے ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2025 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت اور پاکستان میں مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ، شفاف اور موثر ٹیکس سسٹم کو فروغ دینے کے لیے بورڈ پرعزم ہے۔






