وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے صدارتی محل میں ملاقات کی، جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یومِ فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی تاریخی فتح کشمیری اور فلسطینی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر علیوف کو دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دی اور آرمینیا کے ساتھ امن معاہدے میں اُن کے کردار کو سراہا۔
آذربائیجان کے صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے، جسے اُن کی حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر علیوف نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔






