ترک اعلیٰ حکام اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، پاک–افغان کشیدگی پر اہم  بات چیت ہوگی:ترک صدر

0
473

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے وزیرِ خارجہ حکان فیدان، وزیرِ دفاع یشار گولر اور انٹیلی جنس چیف ابراہیم کالن اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کریں گے۔

صدر اردوان نے یہ اعلان آذربائیجان سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ذرائع کے مطابق استنبول میں ہونے والے پاک–افغان مذاکرات کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے اور بغیر معاہدے کے ختم ہو گئے۔ فریقین سرحد پار دہشت گردی کی نگرانی کے طریقہ کار پر اتفاق نہ کر سکے۔ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ بات چیت “غیر معینہ مدت کے لیے معطل” ہو گئی ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق افغان طالبان وفد واضح منصوبے کے بغیر مذاکرات میں شریک ہوا اور تحریری معاہدے سے گریز کیا۔

ترکی اور قطر نے مذاکرات میں ثالثی کی کوشش کی، تاہم جمعے کے روز دونوں وفود کی براہِ راست ملاقات نہیں ہو سکی۔ پاکستانی وفد کی قیادت آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک جبکہ افغان وفد کی سربراہی جی ڈی آئی کے سربراہ عبدالحق واثق کر رہے تھے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کے مطابق پاکستانی وفد نے اپنا مؤقف ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کیا اور ثالثوں کے ذریعے افغان وفد تک مطالبات پہنچائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی برقرار ہے۔

ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے رابطہ کر کے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا