اپوزیشن اتحاد کا 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

0
349

اسلام آباد — اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نامزد اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، نامزد اپوزیشن لیڈر سینیٹ ناصر عباس، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے ترمیم کو ’’آئین پر حملہ‘‘ قرار دیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چھٹی کے دن پاکستان کی بنیادوں پر وار کیا گیا، یہ بھی ایک ’’سیاسی 9/11‘‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک پر بغیر الیکشن کے ’’بدبخت ٹولہ‘‘ مسلط کیا گیا ہے اور عوام کو جھوٹے پروپیگنڈے سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے تحریک شروع ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’فرد کی مضبوطی نہیں، اداروں کی مضبوطی پاکستان کو بچائے گی‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اسکول کے بچے بھی اپنے حقوق کے لیے نکلیں گے تو حکومت ان پر بھی گولیاں چلائے گی؟

اچکزئی نے بتایا کہ آج رات ساڑھے 8 بجے سے ملک بھر میں ’’ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے‘‘ کا نعرہ لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کسی شخصی دشمنی کا نتیجہ نہیں، بلکہ آئین کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔

بعد ازاں تحریک کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسی ہفتے اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلائی جائے گی، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

اعلامیے میں اعلان کیا گیا کہ 27ویں ترمیم کی مبینہ ’’جعلی منظوری‘‘ کے اگلے روز ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شامل ہوں، جبکہ وکلا عدالتوں میں سیاہ پٹیاں پہن کر احتجاج کریں گے۔

تحریک نے توقع ظاہر کی کہ عدلیہ کے ’’باضمیر جج‘‘ اس ترمیم پر اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے اور ملک میں نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔
مزید کہا گیا کہ ملک گیر جلسے اور جلوس قومی مشاورتی اجلاس کے بعد اعلان کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق عوامی رائے سازی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس مشاورت میں تاجروں، وکلا، بار کونسلز اور ریٹائرڈ جج صاحبان کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد نے الزام لگایا کہ عدلیہ کا نظام تباہ کیا جا رہا ہے اور وکلاء اس تحریک میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا